• news

بل کی عدم ادائیگی پر ڈرائی پورٹ اور کسٹمز ہاؤس فیصل آباد کی بجلی منقطع 


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) بل کی عدم ادائیگی پر ڈرائی پورٹ اور کسٹم ہائوس فیصل آباد کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے ڈرائی پورٹ اور کسٹم ہائوس میں اندھیرے چھائے رہے اور ہر قسم کا کام ٹھپ رہا۔ بل جمع کروانے کی تاریخ 14 نومبر مقرر تھی جوکہ بڑھا کر 21 نومبر کروائی مگر بل ادا نہ کیا جاسکا۔ چیئرمین ڈرائی پورٹ ٹرسٹ مزمل سلطان بٹ کی نوائے وقت سے گفتگو جبکہ فیسکو چیف اور پی آر او فیسکو اپنا مؤقف دینے سے گریزاں رہے۔ ملک کے تیسرے بڑے شہر اور مانچسٹر آف پاکستان کہلوانے والے صنعتی شہر فیصل آباد کے ڈرائی پورٹ اور کسٹم ہائوس کی بجلی بل کی عدم ادائیگی کی وجہ سے فیسکو نے منقطع کر دی۔ جس کی وجہ سے گذشتہ روز ڈرائی پورٹ اور کسٹم ہائوس میں اندھیرے چھائے رہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے دفاتر میں کام ٹھپ رہا۔ ملازمین اور افسران سارا دن’’ویلے‘‘ رہنے کے بعد واپس لوٹ گئے۔ فیسکو چیف اور پی آر او فیسکو سے بارہا رابطہ کیا مگر دونوں افسران فیسکو کا آفیشل مؤقف دینے سے گریزاں رہے۔ چیئرمین فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ مزمل سلطان بٹ نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بل کی تاریخ 14 نومبر تھی جسے بڑھا کر 21 نومبر کروایا۔ ملکی حالات اور انڈسٹری کے موجودہ حالات کی وجہ سے بل ادا کرنے سے قاصر رہے اور ایک ماہ کا بل تھا جس پر بھی فیسکو حکام نے بجلی منقطع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن