• news

خصوصی افراد کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کی ضرورت: عارف علوی


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کو اجاگر کرنے، ان کے بارے میں معاشرتی طرز عمل میں تبدیلی لانے، مرکزی دھارے میں ان کی شمولیت کی راہ حائل نفسیاتی اور جسمانی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معاشی و مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع اور موثر آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پیر کو ایوان صدر میں صدر کے پریس سیکرٹری قمر بشیر کی جانب سے خصوصی افراد سے متعلق آگاہی مہم کے منصوبوں پر دی گئی پریزنٹیشن کے دوران کیا۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی اور صدر سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری آبادی کا ایک اہم حصہ ہیں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور عام طور پر معاشرے کا فرض ہے کہ وہ زندگی کے تمام پہلوئوں بشمول سیاست، اقتصادیات، مالیات، کاروبار، تجارت اور خدمات میں ان کی شمولیت کو یقینی بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن