پی پی کا 55 واں یوم تاسیس آج‘ 3 آمروں کو شکست دی: زرداری
کراچی، لاہور ‘ اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کا 55 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے 3 آمروں کو شکست دیکر جمہوریت کو فتح یاب کیا۔ قائد عوام جھک کر جی سکتے تھے مگر تاریخ کے ہاتھوں مرنا پسند نہیں کیا۔ آج گڑھی خدا بخش کا قبرستان شہیدوں سے آباد ہے۔ پیپلز پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس کے موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے خطاب میں کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے شہید بھٹو نے ملک کو آئین دیا۔ لانگ مارچ کا ڈرامہ رچایا گیا۔ سیلاب زدگان کے پیسے لانگ مارچ میں لگا دیئے گئے۔ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ دوسروں کو چور کہنے والے نے چندہ اور گھڑی چوری کی۔ ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کرنے پر فخر ہے۔ شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ قدرتی آفات کے دوران بلاول بھٹو نے دنیا میں آواز اٹھائی۔ عمران خان نے سندھ آنے کا چیلنج دیا ہے۔ تم سندھ آئو‘ پھر دیکھو سندھ کے عوام تمہارا کیا حشر کریں گے۔ لوگ تمہیں انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔ شرجیل میمن نے جلسے میں گھڑی چور کے نعرے لگوا دیئے۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج شام سوا چھ بجے ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھر میں خطاب کریں گے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری ہونگے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 55 سالوں پر محیط پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے۔ ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت مضبوط اور آئندہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی راج ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہر جیالے کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ فکر بھٹو کی روشنی میں عوام کے حق حاکمیت خواتین کی آزادی اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے، جمہوری اداروں کو بااختیار طاقتور بنانے کے ذریعے ملک کو فلاحی اور مضبوط ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گا۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری نے تمام صوبائی تنظیموں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کو تحریری طور پر آگاہ کیا۔