• news

کرکٹ کیلئے پاکستان محفوظ، انگلینڈ  ٹیم کو بہترین سکیورٹی دی: مریم اورنگزیب 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا جنون ہے، پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی عوام کس طرح کرکٹ سے والہانہ لگائو رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی جانب سے  پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 سال بعد تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لئے پوری قوم پرجوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے بہترین اور محفوظ جگہ ہے۔ حکومت پاکستان انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ بین سٹوکس نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تسلی بخش سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کے لئے پرامید ہے۔ بابر اعظم نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرکٹ ہمارے کلچر کا حصہ بن چکی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ بلکہ پاکستانی ناظرین، شائقین اور عوام کے لئے مثبت سرگرمی کا باعث بنی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کرکٹ کی اصل روح ہے، کرکٹ پر سیاست نہیں ہوتی۔ ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کے لئے برطانوی ہائی کمشنر، حکومت پاکستان اور وزیراعظم آفس کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن