پنجاب میں ااقتدار کے خواب دیکھنے والوں کے پاس نمبر پورے نہیں : پرویزالہی ، جنرل عا صم کو مبارکباد
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی جی ایچ کیو میں پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ نئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر پروفیشنل اور انتہائی قابل سولجر ہیں۔ دنیا کی9ویں بڑی فائر پاور آرمی کا سپہ سالار بننا جنرل سید عاصم منیر کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والو ں میں سلیم بریار، احسن سلیم بریار، ریاض فتیانہ، آشفہ ریاض اور احسن ریاض فتیانہ شامل تھے۔ ملاقات میں حلقوں میں جاری ترقیاتی پروگرام اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر حلقے میں ترقیاتی کام شروع ہو چکے ہیں۔ آپ سب میری ٹیم ہیں، مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ جلد سیالکوٹ اور کمالیہ کا دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ پنجاب میں اقتدار کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کے پاس نمبر ہی پورے نہیں۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ جو ملک بچانے نکلے تھے اب ان سے اپنی سیاست بھی نہیں بچ رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے سابق صدر ایف پی سی سی آئی وچیئرمین دین گروپ ایس ایم منیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس اور اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایس ایم منیر مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔