جنرل عاصم کے چھڑی تھامتے ہی پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا
راولپنڈی (رپورٹ: عبدالستار چودھری) پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے نئے سربراہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ ان کے ساتھ پاک فوج میں اپنی 24سالہ رفاقت کا خاص طور پر ذکر کیا۔ سابق اور نئے آرمی چیف سلامی کے چبوترے پر تادیر کھڑے رہے۔ الوداعی خطاب کے بعد جنرل باجوہ نے اکیلے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ جنرل عاصم منیر سلامی کے چبوترے پر موجود رہے۔ جنرل باجوہ کی پیرنٹ یونٹ 16 بلوچ رجمنٹ نے خصوصی طور پر اپنے سابق کمانڈنگ آفیسر کو سلامی پیش کی، دستے نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ گارڈ آف آنر کے معائنہ کے بعد کمان کی چھڑی سلامی کے چبوترے کے سامنے خصوصی طور پر لائی گئی میز پر رکھی گئی۔ جنرل باجوہ نے دائیں ہاتھ سے چھڑی اٹھا کر جنرل عاصم منیر کے سپرد کی۔ دونوں نے ایک دوسرے کو سیلیوٹ کیا اور جنرل عاصم منیر نے مصافحہ کے لئے ہاتھ بڑھایا تاہم جنرل باجوہ نے انہیں گلے لگا لیا۔ اس کے بعد دونوں صاحبان واپس سلامی کے چبوترے کی طرف چل دیئے۔ جنرل عاصم منیر کے چھڑی تھامتے ہی پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزر کر نئے آرمی چیف کو سلامی پیش کی۔ تبدیلی کمان میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی بھرپور نمائندگی دیکھنے میں آئی۔ تقریب میں اس بات کا بھی خاص طور پر ذکر کیا گیا کہ پاک فوج میں تربیت کے بعد سوارڈ آف آنر جبکہ سروس میں آرمی چیف کا عہدہ کسی بھی افسر کا خواب ہوتا ہے اور جنرل عاصم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے اعزازی شمشیر بھی حاصل کی اور پاک فوج کے سترھویں سربراہ بھی بنے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ پہلے آرمی چیف ہوں گے جو دونوں خفیہ ایجنسیوں کی سربراہی کر چکے ہیں جبکہ او ٹی ایس سے پاس آئوٹ ہونے والے پہلے اور آخری افسر ہیں جو اس عہدے تک پہنچے ہیں۔