یونیورسٹی طلبا کیلئے تربیتی پروگرام ڈیجیٹل ہنر 2.0 لانچ کا فیصلہ
لاہور ( نیوز رپورٹر) پنجاب میں دور حاضر کی ڈیجیٹل سکلز سکھانے کی خاطر یونیورسٹی طلباءکو تربیت فراہم کرنے کیلئے ”ڈیجیٹل ہنر “2.0 پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ارفع ٹاور میں حکومت‘ یونیورسٹیز اور آئی ٹی انڈسٹری کی باہمی مشاورت کیلئے ڈیزائن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز اور صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سٹیک ہولڈرز کی جانب سے پروگرام بارے اہم تجاویز دی گئیں۔صوبائی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر ارسلان خالد نے کہا کہ ڈیجیٹل ہنر 2 پروگرام میں تربیت کا دورانیہ 6 ماہ ہو گا ‘طلبا کو مارکیٹ کی طلب کیمطابق جاوا‘ پائتھون‘ گیم ‘ ایپ ڈویلپمنٹ و دیگر سکلز سکھائی جائیں گی جس سے وہ فوری روزگار حاصل کر پائیں گے۔پروگرام ہزاروں طلبا کوآئی ٹی سیکٹر میں برسر روزگار بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ طلبا کیلئے ڈگری کیساتھ ڈیجیٹل سکلز سیکھنا بھی ضروری ہے۔ ڈی جی ساجد لطیف نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
وائس چانسلرز ڈاکٹر اصغر زیدی اور ڈاکٹر شاہد کمال نے پروگرام کو گیم چینجر قرار دیا۔ ممبر پی اینڈ ڈی مسعود انور اور چیئرمین پاشا زوہیب خان نے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔