اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ، نیپرا نے بجلی 32 پیسے یونٹ سستی کر دی
اسلام آباد (نامہ نگار) نیپرا نے بجلی 32 پیسے یونٹ سستی کرنے کی منظوری دیدی۔ نیپرا کی جانب سے ڈسکوز کی درخواست پر سماعت کے بعد بجلی سستی کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈسکوز نے بجلی 25 پیسے سستی کرنے کی درخواست دی تھی۔
فیصلے کا اطلاق ماہ اکتوبر کیلئے ہوگا۔ نیپرا کے مطابق بجلی نرخ میں کمی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ لائف لائن صارفین‘ 300 یونٹس تک گھریلو صارفین‘ زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ کے الیکٹرک صارفین بھی اس سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) توصیف ایچ فاروقی نے کہا ہے کہ سی پیک توانائی منصوبوں نے پاکستان میں بجلی کی صنعت کو بہتر کیا، کم قیمت پر اعلی کارکردگی کے ساتھ بجلی کی فراہمی میں اضافہ کرکے اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔