شکرگڑھ:اراضی تنازعہ پر فائرنگ، 2 بھائی قتل، ورثاء کا نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج
شکرگڑھ؍ چک امرو؍ ظفر وال؍لاہور (نامہ نگاران) زمین کے تنازع پر فائرنگ، 2 بھائی جاں بحق 1 زخمی ہو گیا۔ ورثا کا نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج۔ لیگی ایم پی اے اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرا دی گئی۔ تھانہ شاہ غریب کے موضع نڈالہ سلہریاں کے رہائشی فرخ وغیرہ کا مخالفین کے ساتھ اراضی کا تنازع تھا جس پر متعدد بار جھگڑا اور تلخ کلامی ہو چکی تھی، آج عدالت سے واپسی پر فریقین میں تلخ کلامی کے بعد مبینہ ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 بھائی فرخ اور سلیم موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ احمد شدید زخمی ہو گیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمی کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقتولین کے ورثاء نے نعشوں کو اللہ ہو چوک شکرگڑھ میں رکھ کر شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے پولیس کے خلاف بھی نعرے لگائے اطلاع ملتے ہی ایم پی اے رانا منان خان مظاہرین کے پاس پہنچے۔ پولیس اور لیگی ایم پی اے کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا۔