• news

مہنگائی شرح کم، غذائی اشیاء سستی ہونگی: آؤٹ لک رپورٹ


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لْک رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی جبکہ آنے والے مہینوں میں غذائی اشیاء بھی سستی ہونے کا امکان ہے۔ دستاویزات کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح 23 سے25 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے جو اکتوبر میں 26.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کی وجوہات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنا، سپلائی لائن اور روپے کی قدر میں بہتری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں برآمدات اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا جبکہ ترسیلات زر، درآمدات، سرمایہ کاری، ترقیاتی اخراجات میں کمی آئی۔ وزارت خزانہ کے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت زرمبادلہ ذخائر 16.23 ارب ڈالر سے کم ہو کر 7.80 ارب ڈالر پر آگئے۔ جولائی تا ستمبر مالی خسارہ 85 فیصد اضافے سے 809 ارب روپے رہا۔

ای پیپر-دی نیشن