عمران خان پر فائرنگ کے ملزم نوید کے خلاف ایک اور مقدمہ، 13 روزہ جسمانی ریمانڈ
وزیر آباد ؍ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تھانہ سٹی وزیر آباد میں درج کیا گیا۔ ممبر جے ٹی آئی و ڈائیریکٹر ویجیلنس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر نمبری 742/22 کے مطابق 29 نومبر کو ملزم نوید نے دوران تفتیش بتایا کہ لانگ مارچ پر فائرنگ کا پسٹل عا بد کی حویلی میں چھپا رکھا ہے۔ ملزم کو ایس پیز ملک طارق محبوب، نصیب اللہ خان، احسان اللہ خان بمعہ آپریشن سی ٹی ڈی ٹیم اور ایلیٹ فورس ڈی ایس پی لاہور رانا زاہد کے ہمراہ اللہ والا چوک پہنچا تو ملزم نوید مہر نے عابد کی حویلی میں پڑی لکڑیوں سے کالے رنگ کا دیسی ساختہ پسٹل 30 بور نکال کر میرے حوالے کیا جس کا میگزین خالی تھا اور بلا لائسنسی ہے۔ تاہم ملزم کو دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس کا 13 روزہ ریمانڈ دے دیا گیا۔