سیاحت کے شعبے نے پاکستان کی معیشت میں 8.8 ارب ڈالر کا اضافہ کیا
اسلام آباد(آئی این پی )سیاحت کے شعبے نے پاکستان کی معیشت میں 8.8 ارب ڈالر کا اضافہ کیا اور جی ڈی پی کی نمو میں 2.9 فیصد کا حصہ ڈالا،عالمی ٹریول اینڈ ٹورازم انڈیکس میں پاکستان 117 ممالک کی فہرست میں 89 سے 83 ویں نمبر پر آ گیا ۔رپورٹ کے مطابق سیاحت پاکستان میں تیزی سے بڑھتا ہوا معاشی شعبہ ہے اور غربت کے خاتمے اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے اس کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے مطابق سیاحت کے شعبے نے پاکستان کی معیشت میں تقریبا ً8.8 بلین ڈالر کا اضافہ کیا ہے اور جی ڈی پی کی نمو میں 2.9 فیصد کا حصہ ڈالا ہے۔ عالمی ٹریول اینڈ ٹورازم انڈیکس 2022 کے مطابق پاکستان 117 ممالک کی فہرست میں 89 سے 83 ویں نمبر پر آ گیا ہے جس کی بدولت سیاحت کے شعبے میں لچک پیدا کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور پالیسیوں کی وجہ سے سیاحت نے سماجی اقتصادی ترقی میں ایک معقول کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان نے بتایا کہ غربت اور کسی بھی شعبے میں پیداوار کے غیر پائیدار نمونے منفی سماجی اقتصادی تناظر کے کلیدی محرک ہیں۔ پاکستان میں سیاحتی مقامات زیادہ تر کم ترقی یافتہ علاقے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے اور لوگوں کے لیے کمائی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عالمی معیار کے سیاحتی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور میزبان کمیونٹیز کی استعداد کار کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواقع اور ذمہ داریوں دونوں کے ساتھ سیاحت کا شعبہ دنیا بھر میں سب سے بڑے اقتصادی شعبے میں تبدیل ہو رہا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میںاگر جدید خطوط پر ترقی کی جائے تو یہ لوگوں کو پائیدار معاش کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچا سکتا ہے۔انہوں نے ہر سیاحتی علاقے کی خصوصیات اور ضروریات کے مطابق الگ الگ حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔