• news

شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، سیکرٹری بلدیات پنجاب 


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سیکرٹری بلدیات پنجاب سید مبشر حسین نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کمیٹی روم میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، لوکل گورنمنٹ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی بلال فیروز جوئیہ، چیف آفیسرمیٹروپولیٹن کا ر پوریشن چوہدری زبیر حسین،چیف آفیسر ضلع کونسل رانا دستگیر احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہیڈ کوارٹرز نادیہ فاطمہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری  بلدیات پنجاب نے کہا کہ پبلک سروس کے اداروں کی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو شہری سہولیات سے متعلق بہتر سے بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے لہذا لوکل گورنمنٹ کے ادارے ترجیحات کو مدنظر رکھ کر اقدامات کا تسلسل برقرار رکھیں۔انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو تاکید کی کہ سٹریٹ لائٹس کو مکمل انداز میں فنکشنل کیا جائے تاکہ شہریوں کو رات کے وقت دوران سفر دقت نہ ہو اس ضمن میں مرمت طلب پولز ولائٹس کو فوری درست کریں۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی تاکید کرتے ہوئے مختلف مدات میں سرکاری بقایاجات کی ریکوری مہم کا مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔سیکرٹری بلدیات پنجاب نے عوامی بہبود کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد بارے بریفنگ بھی لی اور منصوبوں کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ معاہدہ کے مطابق ڈویلپمنٹ مکمل نہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن