پاکستان ، انگلینڈ کے درمیان پنڈی ٹیسٹ آج ، 7 مہمان کرکٹرز بیمار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج سے راولپنڈی کے پنڈی سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 17سال پاکستان میں ٹیسٹ میچ میںمدمقابل ہونگی ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک دن قبل انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس سمیت سات کرکٹرز کی طبیعت ناساز ہو گئی۔ذرائع انگلش کرکٹ سکواڈ کے 14افراد بدہضمی کا شکار ہوئے جس میں کپتان بین سٹوکس بھی شامل ہیں، بدہضمی کا شکار ہونے والوں میں انگلینڈ کے سات کھلاڑی بھی ہیں۔انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بین سٹوکس کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے دیگر کھلاڑی اور آفیشلز پنڈی سٹیڈیم نہیں آئے۔ای سی بی کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کے متعدد کھلاڑی اور آفیشلز ہوٹل میں ہی ٹھہرے ، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوٹل میں مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق ہیری بروک، زیک کرالے، کیٹن جیننگز، اولی پاپ اور جوئے روٹ نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ذرائع کے مطابق انگلش کھلاڑی موسم کے لحاظ سے کپڑ ے نہ پہننے پر بیمار ہوگئے۔ اسلام آباد میں بدلتے موسم کے باعث کھلاڑیوں کی طبیعت ناساز ہوئی کیونکہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے موسم سرما کے لحاظ سے کپڑے پہننے میں لاپرواہی کی۔ رات کی تقریب میں بیشتر انگلش کھلاڑیوں نے گرمی والے کپڑے پہنے ہوئے تھے، بیشتر انگلش کھلاڑیوں نے آدھی بازو والی شرٹس پہن رکھی تھیں۔ انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ میں شامل 7 کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہوئی ہے تاہم کسی کھلاڑی کو سخت بخار نہیں، انگلش کھلاڑیوں کو معمول کا نزلہ اور زکام کی شکایت ہے۔پاکستان کے کسی بھی ٹیسٹ سکواڈ ممبر کو صحت کا کوئی مسلہ نہیں ہوا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور کھلاڑی آج راولپنڈی ٹیسٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔میڈیکل پینل کھلاڑیوں کا معائنہ کر رہا ہے، کھلاڑیوں کی صحت معمول کے مطابق ہے، آرام کی غرض سے سٹیڈیم نہیں آئے۔کھلاڑیوں کو وائرل انفیکشن ہوا ہے جو معمول کی بات ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا گیا کہ انگلش کھلاڑیوں کے انفیکشن میں مبتلا ہونے کے بعد پنڈی ٹیسٹ شروع کرنے کے حوالے سے انگلش بورڈ کیساتھ رابطے میں ہیں۔صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔پی سی بی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کو بھی آگاہ کرینگے لیکن یہ خالصتاً دونوں بورڈز کا معاملہ ہے۔انگلش کپتان بین سٹوکس کے بیمار ہونے پر ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ملتوی کر دی گئی لیکن انگلینڈاور پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن کیا۔ٹرافی کی رونمائی میچ سے قبل کی جائے گی ۔ بعد ازاں دونوں بورڈز نے باہمی مشاورت کے بعد آج سے شروع ہونے والا تاریخی ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر کے بتایا تھا کہ پی سی بی اور ای سی بی پہلے ٹیسٹ کے آغاز کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں کیونکہ انگلینڈ کے کچھ کھلاڑی وائرل انفیکشن میں مبتلا ہیں۔