قائمہ کمیٹی اجلاس میں طارق بشیر چیمہ اور ایپسیا کے پیٹرن انچیف میں تلخ کلامی
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور آل پاکستان سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن (ایپسیا) کے پیٹرن انچیف کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو شٹ اپ کہہ ڈالا۔ جس پر طارق بشیر چیمہ غصے سے اپنی نشست سے اٹھے اور ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف کو اجلاس سے باہر نکالنے کا مطالبہ کیا۔ تاہم چیئرمین کمیٹی ان کو پکڑکر واپس نشست پر لے آئے۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین کمیٹی کو کہا کہ آپ تو ان کے وکیل بن گئے ہیں جس پر چیئرمین کمیٹی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں اگر وکیل ہوں تو کسان کا وکیل ہوں ، سیاست میرا کاروبار نہیں ہے، آپ کو وکیل کے الفاظ واپس لینے پڑیں گے، ماحول تلخ ہونے پر چیئرمین کمیٹی نے ایجنڈا نمٹائے بغیر ہی اجلاس ختم کردیا۔