امریکہ قابلیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کیلئے نوجوانوں کی مدد جاری رکھے: ڈونلڈ بلوم
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)’’اکیسویں صدی میں اعلیٰ تعلیم کا کردار ‘‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ ایک ایسے ملک میں جس کی آبادی کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ 30 سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہو، امریکہ کو چاہئے کہ وہ نوجوانوں کی مدد جاری رکھے تاکہ وہ اپنی قابلیت کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکیں۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے اعلیٰ تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی کے حوالے سے بین الاقو امی کانفرنس کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر یوٹا یونیورسٹی کے عہدیدار اور وفاقی وزیر برائے ترقی منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔کانفرنس کا انعقاد ہائر ایجوکیشن سسٹم سٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (ایچ اِی ایس ایس اے) کے تحت کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے لیے اعانت امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی16 سرکاری جامعات اور دیگر شراکت دار اس میں شامل ہیں جس کا مقصد جامعات میں ایسے موضوعات پر تدریس اور تحقیق کو پروان چڑھانا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان 75 برس سے قائم دیرینہ شراکت کی تعریف کی۔ ہائر ایجوکیشن کمشن ( ایچ اِی سی) پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کہا کہ ایچ ای سی گریجویٹ افراد کی ملازمتوں میں شمولیت کی شرح میں بہتری کے لیے ماہرین کی کھیپ تیار کرنے پر امریکی حکومت کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔