پنڈی ٹیسٹ:4وکٹوں پر 506رنز ،انگلینڈ نے ایک روز میں زیادہ سکور کا 112سالہ ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر506 رنزبنا کر 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کے پہلے روز انگلینڈ کے بیٹرز نے پاکستانی بائولرز کی جم کر پٹائی کی ، 73 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے انگلینڈ نے 4 کھلاڑی آئوٹ پر 506 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کے چار بیٹرز نے سنچریاں بنائیں ، زاک کرالی نے 21 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی اننگز کھیلی ، اولی پاپ نے 14 چوکے لگائے اور 108 رنز بنائے ، بین ڈکٹ نے 15 چوکوں کے ذریعے 107 رنز کی بیٹنگ کی ، جو روٹ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلش اوپنر 233 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پہلی وکٹ بین ڈکٹ کی گری جب وہ 122 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔بین ڈکٹ نے 107، اولی پوپ نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ہیروی بروک 101 اور بین سٹوکس 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ کم روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل 75 اوورز تک محدود کیا گیا۔ پاکستانی ڈیبیو پلیئر زاہد محمود نے 160 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیبیو کرنے والے حارث رؤف اور محمد علی نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ خیال رہے کہ انگلینڈ نے 506 رنز بنا کر کھیل کے پہلے دن سب سے زیادہ رنز بنانے کا 112 سال کا ریکارڈ توڑا ہے، اس سے قبل 1910 میںآسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ نے 75 اوورز میں 506 رنز 6.75 رنز فی اوور کے حساب سے بنائے جو ایک ریکارڈ ہے۔ کرکٹ تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن میں 4 بیٹرز نے سنچریاں سکور کی ہیں۔ اوپنرز نے 233 رنز کی شراکت 6.53 رنز فی اوور کے حساب سے بنائے جو 200 یا اس سے زائد رنز اس شرح سے بنانے کا ریکارڈ ہے۔ ہیری بروک نے سعود شکیل کو ایک اوور میں 6 چوکے لگائے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ کسی بائولر کو ایک اوور میں چھ چوکے لگے۔