آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے صوبوں میں الگ وزارتیں قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس دنیا کی آبادی8 ارب اور پاکستان کی23 کروڑ ہوگئی ہے۔ گزشتہ75 سالوں میں پاکستان کی آبادی3 کروڑ سے23 کروڑ ہو گئی۔ 2030ءمیں پاکستان کی آبادی26 کروڑ30 لاکھ اور 2050ءمیں 33 کروڑ80 لاکھ ہونے کا امکان ہے۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے جلد نیشنل ایمرجنسی پلان دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا ہے۔ نیشنل ٹاسک فورس میں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاپولیشن کونسل کے قیام کی70 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی طرح بڑھتی آبادی بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ آبادی بڑھتی ہے تو تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تعلیم، صحت اور خدمات عامہ جیسے مسائل صوبوں کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 2 فیصد سالانہ کی رفتار سے بڑھ رہی ہے۔ ان مسائل سے نمٹنے کے لئے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے ڈیجیٹل میڈیا پر آگاہی پیدا کرنے اور بیانیہ کی تشکیل میں پاپولیشن کونسل کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی۔
مریم اورنگزیب