• news

 زرداری کی قیادت میں ’ریسکیو پنجاب‘ آپریشن کی حکمت عملی طے


اسلام آباد (عترت جعفری) سابق صدر آصف علی زرادری کی قیادت میں ’ ریسکیو پنجاب‘ آپریشن آئندہ ہفتے سے لاہور میں شروع ہو گا۔ اس سلسلے میں حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔ سابق صدر کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق صدر نے وزیراعظم، پی ڈی ایم کی قیادت اور پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری اس ہفتے کے اختتام پر کسی وقت لاہور روانہ ہو جائیں گے اور آئندہ ہفتے سے لاہور میں مقیم  ہوں گے۔ ان کو پنجاب کی صورت حال کو قابو کرنے کے لئے مکمل مینڈیٹ دے دیا گیا ہے۔ وہ لاہور میں ایم پی ایز سے رابطے کریں گے اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل  کو روکنے کی کوشش قانونی اور آئینی بنیادوں پر کی جائے گی۔ تحریک عدم اعتماد لانے کی تیاری بھی مکمل ہو چکی ہے۔ آئندہ ہفتہ پنجاب کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے اہم ہوگا۔ ریسکیو پنجاب آپریشن کے دوران  غیر اعلانیہ روابط کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ جیسے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے شواہد سامنے آئے تھے جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے آصف علی زرداری کو پیغام رسانی کی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن