بیلجیئم فٹبال ورلڈکپ سے باہر،کروشیا ‘ مراکش اگلے مرحلے میں پہنچ گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بیلجیئم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کروشیا اور مراکش نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ گروپ ایف میں بیلجیئم اورکروشیا جبکہ مراکش اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔بیلجیئم اور کروشیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا ۔ آخری گروپ میچ میں مراکش نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ایف میں مراکش نے 7 پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ کرو شیا 5 پوائنٹس کیساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔بیلجیئم 4 پوائنٹس جبکہ کینیڈا کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرسکی، اس کے ساتھ ہی عالمی نمبر دو ٹیم بیلجیئم اور کینیڈا ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔قطر کے الثمامہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مراکش کو جیت درکار تھی جو اس نے 1-2 کے مارجن سے حاصل کرلی۔افریقی ٹیم نے میچ کے چوتھے منٹ میں ہی حکیم زیاش کے گول کی بدولت 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ 23ویں منٹ میں دوسرا گول بھی داغ دیا اور برتری 0-2 کرلی، اس مرتبہ یوسف النصیری نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ میچ کے 40ویں منٹ میں نائف ایرد سے اپنے ہی گول میں گیند چلی گئی جس کے باعث میچ کا سکور 1-2 ہوگیا۔نہ صرف پہلا ہاف اسی سکور پر ختم ہوا بلکہ دوسرے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول نہ بناسکی اور میچ 1-2 سے مراکش کے نام رہا۔ دوسرا موقع ہے جب مراکش نے فیفا ورلڈکپ کے دوسرے مرحلے کیلیے کوالیفائی کیا ہے۔ اس نے اس سے قبل 1986 کے ورلڈکپ میں راؤنڈآف 16 میں جگہ بنائی تھی۔