• news

پاکستان فٹبال کو درست سمت گامزن کر دیا : ہارون ملک 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)چند ماہ میں پاکستان فٹبال کو درست سمت میں گامزن کردیا، معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کیساتھ اپنے مینڈیٹ کے مطابق شفاف انتخاب کیلئے بھی مثبت انداز میں پیش رفت کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فٹبال ہائوس لاہور میں رکن شاہد نیاز کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان فٹبال کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، قومی ٹیمیں ایکشن میں نظر آنے لگی ہیں، الیکشن کیلئے بنیادی عمل ’’پاکستان فٹبال کنیکٹ‘‘ کیلئے کلبز اور اکیڈمیز سمیت 4 ہزار رجسٹریشن درخواستیں موصول ہوئیں،ان میں سے ایک ہزار 7 سو کو پورٹل تک رسائی دی جاچکی جبکہ ایک ہزار 74نے بھی ویب سائٹ کا استعمال شروع کردیا ہے،ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے کئی کلبز اور اکیڈمیز کو مشکل بھی پیش آئی،ان کو رہنمائی اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،15دسمبر تک رجسٹرڈ کلبز کو آئندہ سال پی ایف ایف الیکشن میں ووٹ کا حق حاصل ہوگا۔ ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ مصروفیت سعودی عرب میں ہونے والا 4ملکی ٹورنامٹ ہے،ساف کے تحت  ویمنز فٹبال ڈیویلپمنٹ پروگرام میں شامل یہ ایونٹ11سے 19جنوری تک شیڈول کیا گیا ہے۔ انہوں نے قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ایگزیکٹو سمٹ میں شرکت کا بھی بتایا ،عالمی فٹبال برادری نے پاکستان میں فٹبال کی ٹریک پر واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے بہتر مستقبل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،فیفا کے اہم رکن ملکوں سے دوستانہ تعلقات کی فضا سے ملک میں کھیل کے فروغ کا سفر تیز تر کرنے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن