چینی کاروباری ادارے پاکستان کی الیکٹرک موٹر سائیکل انڈسٹری بارے پر امید
لاہور (آئی این پی) مارکیٹ کی طلب اور سازگار قومی پالیسیوں کی وجہ سے چینی الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے آئی ہے اور مقامی کمپنیوں نے بھی الیکٹرک موٹر سائیکل کی مصنوعات تیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ انڈسٹری کے اندرونی ذرائع کو یقین ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں تیزی سے ترقی کے مرحلے میں داخل ہوں گی۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان چائنا موٹر سائیکل انڈسٹری کونسل (پی سی ایم آئی سی) کے بانی اور چیئرمین محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں سالانہ 25 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں تیار کی ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر پرانے ماڈلز ہیں۔ الیکٹرک موٹر سائیکل انڈسٹری پاکستان کی موٹر سائیکل انڈسٹری میں تبدیلیاں لائے گی۔ چین کی نئی توانائی کی اہم کامیابیوں کو بانٹنے کے جذبے کے تحت چین کی جیا لینگ انڈسٹری کمپنی لمیٹیڈ نے گزشتہ ماہ پاکستان میں روایتی ایندھن کی بجائے نئی توانائی کی خالص الیکٹرک موٹر سائیکلوں کو متعارف کرانے پر توجہ دینے کے لیے ایک شاخ قائم کی۔