استحکام کی اشد ضرورت، ہم زیادہ کرپٹ اس لئے پیچھے رہ گئے: احسن اقبال
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اس لیے 75 سال میں پیچھے رہ گئے کہ کرپٹ زیادہ ہیں اور ہم اس لئے ترقی نہ کر سکے کہ نالائق زیادہ ہیں۔ لاہور میں خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ قوم اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اختلاف رائے ضرور رکھیں لیکن نفرت نہ پالیں، ہم نے معاشرے کو پولورائزڈ کر دیا۔ نفرت سے معاشرے نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ سیاسی عدم استحکام ہے۔ ہمیں استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ ہمارے ہاں پالیسیوں کا تسلسل نہیں رہا جب کہ دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے، جن میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ملائیشیا مثال ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ معاشی ماہرین، تاجروں اور صنعتکاروں سے اپیل ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف آئیں، ڈالر آئیں گے تو ملک چلے گا، ایک وقت تھا پاکستان اوپر جا رہا تھا لیکن پھر بار بار اس راستے کو روکا گیا، اب بھی وقت ہے کہ سیاستدان مل بیٹھ کر دانشمندی سے پارلیمنٹ میں فیصلہ کریں۔