• news

اسرائیلی قبضہ ختم‘ آزاد فلسطینی ریاست کیلئے مذاکرات کئے جائیں: پاکستانی مندوب


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے پرامن حل کے لئے مذاکرات پر زور دیا ہے جس سے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم ہو اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔ پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عامر خان نے جنرل اسمبلی میں فلسطین کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ اسرائیل کے مسلسل قبضے کی صورت میں مقبوضہ بیت المقدس کی مقدس سرزمین پر امن قائم نہیں ہو گا۔ اگر تاریخ سے رہنمائی لی جائے تو یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں بے دخل اور بے اختیار فلسطینیوں کی ہر آنے والی نسل اپنی آزادی اور بنیادی حقوق سمیت اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیرامیٹرز، 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک قابل عمل، خود مختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسے اسرائیل فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل، فلسطینی ریاست کو بچانے اور اسے مزید بلا تاخیر تسلیم کرنے میں مدد دینی چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن