قا بض فوج نے گزشتہ ماہ12نوجوان شہید، درجنوں زخمی کئے
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران ماہ نومبر2022میں 12کشمیریوں کو شہید ‘ درجنوں کو زخمی کیاجبکہ 78کشمیریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ماہ نومبر2022 کے دوران شہید ہونے والے 12 کشمیری نوجوانوں میں5 نوجوان بھی شامل ہیں جنہیںجعلی مقابلوں اور حراست کے دوران شہید کیا گیا۔اس عرصے کے دوران بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے مختلف علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی 190کارروائیوں کے دوران 78کشمیریوں کو گرفتار کیاگیا ۔دوسری جانب جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق اور دوزخمی ہوگئے ہیں۔ضلع کے علاقے بنی میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔ حادثے میں گاڑی پر سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں قید کشمیریوں کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہزاروں کشمیری جھوٹے الزامات کے تحت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہیںجبکہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اسرائیلی فلم ساز نادو لیپڈ کی طرف سے متنازعہ فلم دی کشمیر فائلز پر تنقید کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت میں اب سفارتخانوں کے ذریعے سچ کو دبایا جاتا ہے ۔محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ متنازعہ فلم حکمران ہندوتوا پارٹی کی طرف سے مسلمانوں خصوصا کشمیریوں کوبدنام کرنے کیلئے شرمناک پراپیگنڈا پر مبنی ہے ۔