• news

پنا ہ گزین کمپ پر حملہ، 2فلسطینی شہید، اسرا ئیلی فو جیوں کا قیدیوں پر بد ترین تشدد


غزہ (این این آئی+ آئی این پی) اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ میں حملے کے دوران ہونے والی شدید جھڑپوں میں 2 فلسطینیوں کو  شہید کر دیا۔ غیرملکی رپورٹ کے مطابق اسلامی جہاد گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ  شہداء میں  ایک خاندان کے سربراہ تھے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کے دوران اب تک 6 فلسطینی علیحدہ علیحدہ واقعات میں شہید ہو  چکے ہیں۔ اسرائیلی قابض فورسز نے گزشتہ روز النقب جیل کے ایک سیل  میں چھاپہ مارا اور فلسطینی قیدیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔  قابض فورسز نے دو روز قبل رام اللہ میں شہید ہونے والے سگے بھائیوں جواد الریماوی اور ظافر الریماوی کے چچا کو بھی جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں پانچ شہریوں کی شہادت کے بعد مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں مکمل شٹر ڈاؤن  رہا۔  فلسطینی شہریوں کی طرف سے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف غم وغصے کا اظہار کیا گیا۔ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی قابض حکام طبی اور تشخیصی آلات اور مشینری کو غزہ کی پٹی میں داخلے سے روکنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جس سے مریضوں کی صحت کی حالت مزید خراب ہوتی جار رہی ہے اور ہسپتالوں میں کام کرنے والے طبی عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن