• news

سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3ارب ڈالر ڈیپازٹ سہولت میں ایک برس کی تو سیع کر دی 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب نے پاکستانی معیشت میں ایس ایف ڈی کے ذریعے تعاون کے لیے سٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز (حفظہ اللہ) کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) نے مملکت سعودی عرب کے فراہم کردہ اور بینک دولت پاکستان میں ڈیپازٹ کیے ہوئے 3 ارب ڈالر کی مدت میں توسیع کردی۔ ڈپازٹ کی مدت میں یہ توسیع مملکت سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا تسلسل ہے کیونکہ اس ڈپازٹ کا مقصد بینک میں زرِ مبادلہ ذخائر بڑھانا اور کووڈ-19 کی عالمی وبا کے اقتصادی اثرات کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کو مدد دینا ہے۔ نیز ڈپازٹ کی اس رقم نے بیرونی شعبے کے چیلنجوں کو پورا کرنے اور ملک کی پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں بھی مدد دی ہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کے معاہدے پر دستخط سعودی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے سٹیٹ بینک اف پاکستان کے ساتھ گذشتہ سال 2021ئنومبر میں کیے گئے تھے جس کے لیے شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جو دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعلقات کے تسلسل کا عکاس ہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی ہدایات پر اس فیصلے پر عمل کیا گیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ  3 ارب ڈالر کی رقبم 5 دسمبر 2022 ء  کو واپس کرنا تھی‘ جس کی مدت کو ایک سال کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔ ایس بی پی نے کہا تھا کہ یہ ڈیپازٹس سٹیٹ بنک آف پاکستان کے پاس رکھے جاتے ہیں اور یہ غیر ملکی زرمبادلہ کا حصہ ہوتے ہیں۔ مزید بتایا گیا تھا کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فنڈ کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر کرنے میں مددگار ہو گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ معاشی خود انحصاری پہلا قومی ایجنڈا ہے‘ جس کے لئے سیاسی استحکام اور متوازن معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی حکومت اور شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہزادہ سلمان کی پاکستان سے محبت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں۔ مزید براں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی توسیع سہولت کی تصدیق کر دی ہے اور خیرمقدم کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن