کچی آبادیوں کو ما لکا نہ حقوق دینے کی منظوری ، نجی سطح پر سود کا خاتمہ پنجاب کا بڑا اقدام : پرویزالہی
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کی منظوری دیدی ہے۔چودھری پرویز الٰہی کا صوبے کی کچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے بڑا اعلان۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے اور مالکانہ حقوق دینے کے لئے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلی ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے لیگل فریم ورک کے تحت فی الفوراقدامات کیے جائیں اورکچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے تمام امورجلد طے کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کچی آبادیوں میں 10مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔مالکانہ حقوق دینے کی سمری کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔کچی آبادیوں میں رہنے والے مکینوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کریں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کومالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیاگیا۔دریں اثناپرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی سطح پر سود کا خاتمہ پنجاب حکومت کا تاریخی اقدام ہے۔ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ صرف اور صرف دینی تعلیمات پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ مولانا محمد حنیف جالندھری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سود کے خاتمے کا ابتدائی اقدام فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ گزشتہ روزمیڈیکل کے جدید آلات تیار کرنے والی چین کی سب سے بڑی کمپنی Mindrayکے وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب میں مینوفیکچرنگ کی پیشکش کی۔چینی کمپنی پنجاب کے ڈاکٹروں اور نرسز کو ٹریننگ بھی دے گی۔چینی وفدنے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو دورہ چین کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں چینی کمپنی کی طرف سے میڈیکل آلات کی تیاری میں معاونت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نئے ہسپتالوں میں آئی سی یو،ایمر جنسی،آپریشن تھیٹر میں جدید ترین طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔جنرل منیجر ساؤتھ ایشیاء منڈرے فلیکس ڑیاشن لی نے کہاکہ کمپنی کی میڈیکل ڈیوائسز امریکہ اوریورپ میں ایکسپورٹ کیے جاتے ہیں۔ پرویز الٰہی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر متحدہ عرب امارات کے صدر،سفیر اور عوام کو مبارکباد دی اور اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام محبت، بھائی چارے اور اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے سینئر اداکار و پروڈیوسر افضال احمد کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ افضال احمد کی اداکاری کے شعبہ میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔