سپریم کورٹ نے عبوری حکم کے ذریعے سی سی پی او لاہور کو بحال کر دیا
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے عبوری حکم کے ذریعے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کو بحال کر دیا سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کی اپیل پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربرا ہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کی۔ غلام محمد ڈوگر کے وکیل نے موقف اختیار کیاکہ غلام محمد ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا، سروس ٹربیونل کے ہی دو رکنی نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا، ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا،حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی، جس پر جسٹس اعجا ز الاحسن نے کہاٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا، جسٹس مظاہر علی اکبر نے استفسار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیسے کہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟وکیل عابد زبیری نے کہا صوبائی حکومت سی سی پی او کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی۔مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور کی بحالی سے عمران خان حملہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی بھی فعال ہوگئی غلام محمود ڈوگر عمران خان حملہ جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں۔