ہدف کالج نے پشاور بورڈ گرلز انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ہدف کالج پشاور نے پشاور بورڈ گرلز انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ 2021-2022جیت لی۔تعلیم کے میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کے ساتھ ساتھ ہدف کالج پشاور نے کھیل کے میدان مین بھی اپنا لوہا منوالیا۔ رواں سال بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے کھیلوں کاانعقاد کیا۔ ان مقابلوں میں ہدف کالج پشاور نے 28پوائنٹس لے کرپہلی پوزیشن حاصل کی ۔پشاور بورڈ کی روایت کے مطابق ہر سال بہترین کارکردگی دکھانے والی کھلاڑی کو پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی دیا جاتا ہے۔سال 2021-2022 میں کھیلوں کے مقابلوں میں پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی ہدف کالج کے نام رہا۔ہدف کالج کی ہونہار طالبہ حسنہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ایوارڈ اپنے نام کر کے اپنے کالج کا نام ،اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا۔مجموعی طور پرپہلی پوزیشن حاصل کرنے کے علاوہ ہدف کالج نے جو کامیابیاں سمیٹیں ان کی تفصیل یوں ہے کہ ہینڈ بال میں ہدف گرلز کالج نے سٹی گلبہار کالج اور فرنٹئیر کالج کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دی۔ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں گورنمنٹ کالج چمکنی اور گورنمنٹ کالج باچا خان کو شکست سے دو چار کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔باسکٹ بال کے مقابلوں میں فرنٹیئر کالج پشاور اور پشاور ماڈل دلازاک روڈ کیمپس کو شکست سے دو چار کرکے اول پوزیشن حاصل کی۔یوں پہلی پوزیشن کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رسہ کشی کے مقابلوں میں ہدف گرلز کالج نے پی ایم ڈی سی اور گورنمنٹ کالج ڈبگری کو ہرا کر میدان مار لیا۔ٹینس کے مقابلوں میں ہدف گرلز کالج نے پی ایم ڈی سی حیات آباد کو ناکوں چنے چبوانے کے بعد شکست سے دو چار کیا۔ اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کھیلوں کے اختتام پر پشاور بورڈ کے زیر اہتمام جلسہ تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس کے مہمان خصوصی چئیرمین پشاور بورڈ پروفیسر نصر اللہ خان تھے۔دیگر مہمانان گرامی میں ہدف گروپ آف کالجز کے ڈائریکٹر محمد مظہر رانا اور دیگر پرنسپلز بھی موجود تھے۔اس موقع پر پشاور بورڈ کے دائر یکٹر اسپورٹس منظر خان صاحب نے ہدف کالج کوخراج تحسین پیش کیا علاوہ ازیں پروفیسر نصر اللہ خان صاحب چئیرمین پشاور بورڈنے بھی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے ہدف کالج کی خدمات کو سراہا۔