مہم جوئی کے بغیر ٹیکس وصولی کے اہداف میں کامیابی پر پی آر اے کو مبارکباد
لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے مہم جوئی کے بغیر ٹیکس وصولی کے اہداف میں مسلسل کامیابی پر چیئرمین پنجاب ریو نیو اتھارٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی سے ہمارا موقف درست ثابت ہوتا ہے ٹیکس کی شرح کم کر کے نہ صرف ٹیکس کادائرہ کار بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ وصولیوں میں بھی کئی گنا اضافہ ممکن ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے دفتر میں تاجروں کی نمائندہ تنظیم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ریو نیو اتھارٹی نے کورونا وباء میں ٹیکس کی شرح میں کمی کی اور مشکل معاشی حالات کے باوجود اہداف حاصل کئے اور یہ سلسلہ بلا تعطل جاری ہے ۔ رواں مالی سال میں بھی پنجاب ریو نیو اتھارٹی نے پہلے پانچ ماہ میں ہدف سے 30 فیصد زائد وصولی کی ہے جس پر چیئرمین پنجاب ریو نیو اتھارٹی ، افسران اور عملہ مبارکباد کا مستحق ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایف بی آر کو متعدد بار تجویز دی جاچکی ہے کہ ٹیکسز کی تعداد اورشرح میں کمی کی جائے ، کرپشن کا راستہ روکنے کے لئے سسٹم کو مینوئل سے آٹو میشن پر لایا جائے ، پی آر اے مہم جوئی نہ کرنے کے باوجود اپنے اہداف کامیابی سے حاصل کر رہا ہے جبکہ ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز کی بھرمار کے باوجود کارکردگی تسلی بخش نہیں ، ایف بی آر جتناٹیکس جمع کر رہا ہے اس سے پاکستان کبھی بھی خوشحال نہیں ہو سکتا۔