مفتی محمد تقی عثمانی کی جامعہ اشرفیہ لاہورمیں آمد،علماءسے ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی صدر اور جامعہ دارالعلوم کراچی کے مہتمم مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی جا معہ اشرفیہ لاہور میں مولانا مفتی زبیر اشرف عثمانی کے ہمراہ آمد، حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا ارشد عبید، مولانا اسعد عبید، مولانا یوسف ،مولانا حافظ زبیر حسن،مولانا محمدامجد خان،مولانا قاری احمد میاں تھانوی، مولانا حنیف جالندہری او ردیگر علماءنے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مفتی محمد رفیع عثمانی کی دینی و ملی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں اپنے بھانجے اور جامعہ اشرفیہ لاہور کے استاذ الحدیث مولانا ناظم اشرف عثمانی کے بیٹے کا نکاح پڑھایا۔ اس موقعہ پر مفتی محمد تقی عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے ساتھ میرا، اور میرے خاندان کا دیرینہ اور والہانہ تعلق ہے۔ جامعہ اشرفیہ نیلاگنبد لاہور میں مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کے ہمراہ قاری خدابخش مرحوم سے قرآن مجید حفظ کیا جبکہ میں نے دوران تعلیم جامعہ اشرفیہ لاہورکے بانی حضرت مولانا مفتی محمد حسن سے دینی کتب پڑھیں۔ دینی مدارس علم و عمل کے گہوارے، اسلام کی اشاعت اور دین کی حفاظت کا بہترین ذریعہ ہیں اسی وجہ سے آج باطل قوتیں دینی مدارس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ تقریب میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے جامعہ اشرفیہ لاہور، جامعہ عبداللہ ابن عمراور دیگر مدارس کے آئے ہوئے طلباء، اساتذہ و علماءکو اجازت سند حدیث دی تقریب میں جامعہ اشرفیہ لاہور اور دیگر دینی مدارس کے طلباءو علماءکے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ بڑی تعداد میں شرکت کی۔