انگلینڈ ٹیم کے سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: راجہ بشارت
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر پارلیمانی امور و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے دورے پر آئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کیلئے طے شدہ سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روٹ مکمل کلیئر ہونے تک انگلینڈ ٹیم کی موومنٹ ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں لا اینڈ آرڈر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور متعلقہ اضلاع کے سنیئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے کمیٹی کو سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کے دوران 7 ہزار پولیس نفری تعینات ہے۔ پہلے روز 4 ہزار تماشائی سٹیڈیم آئے۔ پارکنگ کے مقام سے سٹیڈیم جانے کیلئے شٹل بس سروس کی سہولت دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان میں کھیلے گی جس کے بعد وہ کراچی روانہ ہو جائے گی۔ ملتان کی انتظامیہ اور پولیس اگلے ٹیسٹ میچ کے تمام انتظامات مکمل رکھے۔
اس موقع پر اے سی ایس ہوم پنجاب کیپٹن (ر) اسداللہ نے ہدایت کی کہ پولیس خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے جاری الرٹس کو ہر صورت مدنظر رکھے۔ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی نے راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے 50 ملین روپے فنڈز کی بھی منظوری دی۔