• news

اسلام انسانی حقوق کاسب سے بڑا محافظ وعلمبردار ہے:راغب حسین نعیمی 


لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ اسلام انسانی حقوق کاسب سے بڑا محافظ وعلمبردار ہے۔عزیز واقارب اورہمسایوں کے حقوق کی پاسداری اسلامی تعلیمات کااہم حصہ ہے۔ دین اسلام نے حقوق اللہ اور حقوق العباد میں توازن قائم کیا ہے۔رائے کی آزادی، جان، مال اور آبرو کا تحفظ ،بچوں، عورتوںاور غلاموں کے حقوق کاتحفظ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے حقوق کاتحفظ وادائیگی اسلامی تعلیمات کاروشن باب ہیں۔بحیثیت مسلمان ہمیں حقوق اللہ اورحقوق العباد کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔ حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے اتنی اہمیت دی ہے کہ اگر کسی شخص نے دنیا میں کسی کا حق ادا نہیں کیا تو آخرت میں اسے ادا کرنا پڑے گا۔

ہمسایوں کے حقوق پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پڑوسی کے حقوق میں سے یہ بھی ہے کہ اس کو تکلیف نہ پہنچائی جائے۔ اس پر احسان کیا جائے۔ حسن سلوک روارکھا جائے۔دکھ درد کو بانٹا جائے، مصیبت میں کام آنے کی کوشش کی جائے، خوشی میں شریک ہوکر اس کی خوشی کو دوبالا کیا جائے، بیمار ہوتو عیادت کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن