حکمران سودی نظام خاتمے کیلئے بیانات تک محدود ہیں:امیر جماعت اسلامی لاہور
لاہور (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکمران سودی نظام کے خاتمے کیلئے بیانات اور اعلانات تک محدود ہیں۔ حکمران طبقہ پریس کانفرنسز اور سیمینارز کی بجائے سودی نظام کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کرے۔ اسلامی بینکنگ ملک کے بینکاری نظام کا ایک لازمی جزو بن چکی ہے۔سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ عوام فاقوں اور خوکشیوں پر مجبور ہے جبکہ حکمران اقتدار کی لڑائی میں عوام کے بنیادی مسائل بھول چکے ہیں۔ اتحادی حکومت بھی تحریک انصاف کا ہی تسلسل ثابت ہوئی ہے اورمہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لاہور نے شہر لاہور کو قومی الیکشن کیلئے دیانتدار قیادت فراہم کی ہے جو این سیز کی سطح پر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور ہر پلٹ فورم پر لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرکے ان کے حل کیلئے آواز آٹھارہی ہے۔ ووٹوں اور مفادات کی سیاست کرنے والے عوامی نمائندوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔