ٹی ٹی پی کے معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے: رضا ربانی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے بیان میں کہا ہے کہ ٹی ٹی پی سے جنگ بندی ختم کرنے کا بیان مشترکہ اجلاس یا قومی اسمبلی میں دیا جانا چاہئے تھا۔ دہشت گرد حملے بڑھنے سے متعلق بیان بھی مشترکہ اجلاس یا قومی اسمبلی میں دیا جانا چاہئے تھا۔ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ حکومت پارلیمنٹ سے کیوں شرماتی ہے۔ ٹی ٹی پی کے خلاف بات چیت اور آپریشن بجا طور پر فوج کے ہاتھ میں ہے۔ مناسب ہوتا کہ مذکورہ بریفنگ میں وزارت دفاع بھی شامل ہوتی۔ کوئٹہ میں حالیہ حملے اور جنوبی وزیرستان میں لڑکیوں کے سکول پر حملہ شروعات ہیں۔ لگتا ہے وفاقی حکومت اب بھی زبردستی اور خوشامد کی پالیسی پر عمل پیرا رہنا چاہتی ہے۔ یہ پالیسی آزمائی گئی اور ناکام رہی۔ ٹی ٹی پی کے ٹکڑے ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جلد بلایا جائے۔