• news

ڈالر مستحکم‘ سونے کی قیمت 750 روپے تولہ بڑھ گئی، سٹاک مارکیٹ میں مندا

کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی روپے کے مقابلے میں انٹربنک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔ ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے انٹربنک میں 223.69 روپے‘ اوپن کرنسی مارکیٹ میں  231.50 روپے کی سطح پر بند ہوا۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کے استحکام کیلئے ڈیپازٹ شدہ 3 ارب ڈالر کے ذخائر کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی خبر نے جمعہ کو کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں جاری ڈالر کی پرواز ایک بار پھر روک دی۔ دوسری طرف سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 63 ہزار 500روپے کا ہو گیا۔ 10 گرام سونے کا بھائو 643 روپے بڑھ کر 140175 روپے ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت 19 ڈالرز اضافے سے 1799 ڈالرز فی اونس رہی۔ ادھر گزشتہ روز  کے ایس ای 100انڈیکس میں 243.42پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 42393.52پوائنٹس سے گھٹ کر 42150.10پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 75.73پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 15664.04پوائنٹس سے گھٹ کر15588.31پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28688.30پوائنٹس سے کم ہو کر28496.73پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری مندے کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 39ارب 24کروڑ 45لاکھ 25ہزار 23روپے کی کمی واقع ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن