جاپان نے یونیسف کو پاکستانی سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے 4.196 ملین ڈالر فراہم کر دیئے
اسلام آباد(نا مہ نگار)حکومت جاپان نے اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف)کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی کی خدمات اور خیبر پی کے اور بلوچستان میں پناہ گزین بستیوں اور میزبان برادریوںکے لیے پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت(واش)کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے 4.196ملین امریکی ڈالر فراہم کردیے ہیں۔یونیسف نے پاکستان میں بچوں کے لیے مسلسل اور فراخدلانہ امداد کی فراہمی پر ِ جاپان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو، یونیسف پاکستان کے سربراہ ، عبداللہ فادل اور حکومت پاکستان کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی برادری کی مسلسل شمولیت کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کی امداد میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے اور اس کے لیے عوامی سطح پر بھی گہر ا احساسِ تشکر پایا جاتا ہے۔ یونیسف پاکستان بھی اس طرح کے اقدامات میں پیش پیش ہے اور اس نے مصیبت زدہ لوگوں کو ضروری امدادی سامان کی تیزی سے فراہمی کو ممکن بنایا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے کہا کہ جاپان نے یونیسف کے ساتھ شراکت داری میں افغان مہاجرین اور ان کی میزبان برادریوں کو واش اور خوارک کی فراہمی کوممکن بنایا اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ شدید خطرات سے دوچار افراد کو صاف پانی، حفظان صحت کی سہولیات اور غذائی سپلیمنٹس تک رسائی حاصل ہو۔