او آئی سی 15 کو وزارتی سطح کے ادارے کے طور پر تشکیل دیا جارہا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے زیادہ ترقی یافتہ ممالک کے گروپ او آئی سی 15 کے اعلیٰ عہدیداروں کا دو روزہ اجلاس مستقبل کے لائحہ عمل پر معاہدے کے ساتھ یہاں اختتام پذیر ہوگیا۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں او آئی سی کے زیادہ ترقی یافتہ رکن ممالک کی نمائندگی کرنے والے اعلیٰ عہدیداروں کے پہلے اجلاس میں نئے تشکیل شدہ گروپ او آئی سی 15-/ڈائیلاگ پلیٹ فارم کے ٹرمز آف ریفرنس اور پروگرام کو اپنانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس یکم اور 2 دسمبر کو اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ او آئی سی 15قازقستان کی حکومت کا ایک اقدام ہے جس کا مقصد سائنسی اور تکنیکی طور پر زیادہ ترقی یافتہ اسلامی ممالک کو اجتماعی طور پر اہم تکنیکی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اکٹھا کرنا ہے۔ او آئی سی 15 کو وزارتی سطح کے ادارے کے طور پر تشکیل دیا جارہا ہے جس کی مدد کامسٹیک اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے ماہرین کے گروپ کریں گے۔