بجلی گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں : وزیراعظم
لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے ضمن میں گیس اور بجلی کی قلت پر قابو پانے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گیس اور بجلی کی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہفتہ کو لاہور میں ہوا۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو ہرممکن قدم اٹھانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی افراد کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں خصوصی افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ آج کے دن ہم تمام خصوصی افراد کی کوششوں اور جدو جہد کو سراہتے ہیں جو تمام تر چیلنجز کے باوجود اپنی اور اپنے خاندانوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، خصوصی افراد کی کاوشیں ہم سب کے لئے ایک مثال ہیں، کوئی بھی ملک اور معاشرہ خصوصی افراد اور صلاحیتوں کے حامل افراد کو زندگی کے تمام شعبوں میں شامل کئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ حکومت پاکستان خصوصی افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق اور حصہ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ خصوصی افراد کو صحت، تعلیم، روزگار، ٹرانسپورٹ، ووٹ کے حق سمیت دیگر تمام حقوق میسر ہوں اور ہر سہولت تک ان کی یکساں رسائی ہو، سرکاری اور نجی سیکٹرز دونوں کو خصوصی افراد کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ میڈیا کو خصوصی افراد کی ضروریات اور حقوق کے حوالے آگہی پھیلانے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ آئیے آج کے دن ہم عہد کریں کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے اور انہیں قومی دھارے میں بھرپور شامل کرنے کے لئے ہم اپنا اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق صدر، سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید کی وفات پر اظہار افسوس اور تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی سربلندی، جمہوریت، ملک اور پارٹی کے لئے بہن نجمہ حمید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھیں، ان کی وفات بڑا نقصان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔