کشمیریوں پر مظالم گول ، مذہبی آزادی پامال کرنے والی امریکی فہرست سے بھارت خارج ، پاکستان شامل
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امریکا نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی فہرست میں سعودی عرب، ایران، چین، شمالی کوریا، روس، تاجکستان، ترکمانستان، برما، کیوبا، ایری ٹیریا، نکاراگوا بھی شامل ہیں جبکہ آزادی مذہب کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک میں بھارت کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق داعش اور طالبان کو "ــconcern "particular لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خا رجہ نے کہا ہے کہ جو ممالک مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہیں، پرامن اور خوشحال ہوتے ہیں ہم ان حقوق کی ہر ملک میں احتیاط سے نگرانی کرتے ہیں۔ دوسری جانب مذہبی آزادی سے متعلق امریکی خود مختار کمشن نے بھارت کا نام لسٹ میں شامل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ امریکی کمشن نے بھارت میں اقلیتوں پر ظلم کے باعث بھارت کا نام لسٹ میں شامل کرنے کا کہا تھا۔ نوائے رپورٹ کے مطابق کے مطابق تاہم حیرت انگیز طور پر اس میں اپنے مسلمان شہریوں اور کشمیریوں پر مذہب کی بنیاد پر بدترین ظلم کرنے والے بھارت کا نام شامل نہیں ہے۔ امریکی کمشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے محکمہ خارجہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کمشن کا کہنا ہے کہ سنگین ترین مذہبی خلاف ورزیاں کرنے والے بھارت کا نام فہرست سے نکالنا سمجھ سے باہر ہے۔ کمشن نے محکمہ خارجہ کی جانب سے ان کی دی گئی سفارشات پر عمل نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہارکیا۔