• news

علماءکی برکتوں سے تمام کا م سیدھے ہورہے سندھی ثقافت دلکش روایات کی امین: وزیر اعلیٰ


لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا محمد تقی عثمانی کی قیادت میں علماء کے وفد نے ملاقات کی۔ علمائے کرام نے ملاقات میں دین کی خدمت کے اقدامات کرنے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ علماء کی دعاو¿ں اور برکتوں سے سارے کام سیدھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ علماءبورڈ پنجاب ترمیمی بل اور یونیورسٹی آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز بل اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جا رہا ہے۔ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے بعد فوراً قرآن بورڈ کو بحال کیا۔ پنجاب میں ہر سکول و کالج کے طلبہ کیلئے ناظرہ اور ترجمہ قرآن لازمی کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کا ذہن دین کی طرف راغب ہو گا تو قوم بنے گی۔ ناظرہ اور ترجمہ قرآن پڑھانے کیلئے علماءاور حفاظ کیلئے ایک لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت کیلئے قوانین سازی کی گئی ہے۔ پہلی مرتبہ نکاح نامہ میں عقیدہ ختم نبوت شامل کیا گیا ہے۔ امام مسجد کے گریڈ بڑھا کر ترقی دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ بلا وجہ مساجد کے این او سی نہ روکے جائیں۔ مولانا محمد تقی عثمانی، صدر وفاق المدارس العربیہ نے کہا کہ دین کی خدمت کی برکات سے پرویزالٰہی کی حکومت چلے گی۔ پرویز الٰہی دین کی خدمت کر رہے ہیں، علماء ان کیلئے دعا گو ہیں۔ تھوڑے دنوں میں آپ نے دین کے بہت سے کام کر دکھائے ہیں۔ متنازع فلم پر پابندی عائد کرنے پر حکومت پنجا ب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سندھ ثقافت کے دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سندھ کا ثقافتی دن یعنی 'ایکتا جو دھارو' مقبول عام ثقافتی تہوار ہے۔ سندھی ثقافت مہمان نوازی، رواداری اور محبت کے جذبوں سے مالا مال ہے۔ سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے۔ یونیسکو کی فہرست میں شامل موہنجوداڑو اور مکلی کی ثقافت دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے۔ اجرک کے رنگوں کی طرح سندھ کا کلچر بھی دلکش امتزاج کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ سے انگلینڈ سے آ نے والے پاکستانی نژاد وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سابق پولو پلیئرز، کوچ اور آئی ٹی ایکسپرٹ شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات، پنجاب میں پولو کھیل کے فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔ گو پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔ بیرون ملک سے آنے والے آئی ٹی ایکسپرٹ کا پنجاب میں خیر مقدم کریں گے۔ حسیب منہاس نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی ویژنری لیڈر ہیں، عوام کے لئے خود کو وقف کرچکے ہیں۔ عمر منہاس نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی سیاست اقتدار نہیں خدمت کے لئے ہوتی ہے۔ وفد میں پاکستانی پولو ٹیم کے سابق کوچ عمر منہاس، حسیب منہاس، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپرٹ فاطمہ مظہر اور فراست علی چٹھہ شامل تھے۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن