سندھ بھر میں یوم ثقافت منایا گیا‘ وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+این این آئی) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھی کلچرل ڈے پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت میں اجرک، ٹوپی کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ محبت اور احترام موجود ہے۔ قوموں کے لباس، کھانے، انداز، اظہارِ محبت ثقافتی اعتبار سے ان کو معتبر بناتا ہے، سندھی ثقافت کے رنگوں نے پوری دنیا میں محبتیں سمیٹی ہیں۔ کندھ کوٹ‘ ٹنڈو الہ یار‘ خیرپور‘ سیہون‘ ٹھٹھہ میں ریلیاں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سندھ کے عوام کو ان کے ثقافتی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہزارہا برس سے سندھ کی تہذیب نہ صرف اس خطے بلکہ انسانیت کی تہذیب میں اپنی تقافت سے خوبصورتی کا رنگ بھرتی آرہی ہے۔ آج باب الاسلام سندھ کا تقافتی دن، پاکستان میں وفاق کی ایک اکائی کی خوبصورتی اجاگر کرنے کا دن ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن نے بھی اپنے پیغام میں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈ یگر بھی سندھ کی ثقافت کے رنگ میں رنگ گئے۔ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے ویڈیو بیان میں جرمن قونصل جنرل نے سندھ میں کلچرل ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے جرمن پرچم کے رنگ کی سندھی ٹوپی پہنی۔ ڈاکٹر روڈیگر نے اپنے بیان میں سندھی ثقافت اور پاک جرمن دوستی زندہ باد کا پیغام بھی دیا۔
سندھی یوم ثقافت