آرمی چیف چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی بنائیں گے، عبدالقدوس نقشبندی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام (س) پنجاب کے امیر پیر عبدالقدوس نقشبندی لاہور کے امیر قاری اعظم حسین ناظم اعلیٰ مولانا طیب عثمانی قاری واحد بخش مولانا عبدالرؤف ربانی سمیت دیگر نے پاک فوج کے نئے سپہ سالار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ اور سید آرمی چیف سے فوج کے ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ والے شعار کو اجاگر کرنے کی توقع ہے۔ اس بات کی قوی امید ہے کہ نئے آرمی چیف سید محمد عاصم منیر فوج کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے نظریاتی سرحدوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے نظریہ پاکستان کا تحفظ ضروری ہے۔