عمران مذاکرات چاہتے ہیں تو غیرمشروط بیٹھیں‘ آئندہ بھی مخلوط حکومت ہوگی: گیلانی
ہیڈ پنجند‘ سلطان پور‘ علی پور (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان اسمبلیاں توڑنے کی غلطی نہیں کریں گے۔ مذاکرات چاہتے ہیں تو غیرمشروط بیٹھیں۔ آئندہ بھی مخلوط حکومت ہوگی۔ عمران آئندہ حکومت میں نہیں ہونگے۔ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔ ملک کی معیشت اس قابل نہیں کہ دو دو الیکشنوں کے اخراجات برداشت کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سابق تحصیل ناظم سردار خضرحیات خان گوپانگ کی رسم قل خوانی میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں یوسف رضا گیلانی‘ خواجہ عامر فرید کوریجہ‘ سردار عاشق حسین خان گوپانگ‘ سردار عمر خان گوپانگ نے نواب خان گوپانگ کی دستاربندی کی اور دعا کرائی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جب عمران خان نے الیکشن کروانے کا ہمارا مطالبہ نہ مانا تھا تو ہم کیسے مانیں؟۔ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دو صوبوں میں ہی الیکشن ہونگے۔ جو وزیراعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا‘ وہ اسمبلی کیسے توڑے گا۔ ان کے تو بڑے بڑے کیسز ہیں اس لئے خوفزدہ ہیں اور فوری الیکشن چاہتے ہیں۔ عمران خان کی بہت غلط فہمی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو انہیں دوتہائی اکثریت ملے گی۔ آئندہ بھی مخلوط حکومت بنے گی۔ آئندہ بھی وہ حکومت میں نہیں ہونگے۔