ہیلتھ کا رڈ واجبات، وزیر اعظم کو خط عوامی منصوبے کیلئے وفاق نے ایک روپیہ نہیں دیا:پرویز الہٰی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر+لیڈی رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مد میں ساڑھے7ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی مد میں سو فیصد ادائیگی کر دی ہے۔ وفاق نے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبے کیلئے ایک روپیہ نہیں دیا۔ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ پر علاج کیلئے حکومت پنجاب سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ہیلتھ کارڈ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ تاریخی پروگرام ہے۔ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام شہری جب اورجہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں۔ پنجاب کی تمام آبادی کو بلاامتیاز ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں 821ہسپتال بشمول 206 سرکاری اور 615پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کرایا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں مونس الٰہی نے بھی شرکت کی۔ پرویز الٰہی نے انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے کے موقع پر تمام رضا کاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رضا کارانہ طور پر انسانیت کی خدمت کرنے والے قابل قدر اور قابل تحسین ہیں۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی کی ہدایت پر انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے کی مناسبت سے ”کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز چیلنجز“ کا انعقاد کیا گیا۔ پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر 5 ہزار کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم قائم کی گئیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انٹرنیشنل والنٹیئر ٹیم چیلنج میں سری لنکا کی ٹیم کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ملاقات کی۔ پرویز الٰہی نے سارہ احمد کو اٹلی میں گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو گلوبل کولیبو ریٹو ایوارڈ پیش کیا۔ پرویز الٰہی نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) سعید محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پرویز الٰہی
٭٭٭