پیپلز پارٹی سے مذاکرات:ایم کیو ایم نے ایڈ منسٹریٹر کراچی کیلئے 3نام دیڈیئے
کراچی (نیوزرپورٹر) پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان کرانی میں مذاکرات ہوئے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے 3 نام دیدیئے، ان میں عبدالوسیم، افتخار قائم خانی، سیف الرحمان شامل ہیں۔ عبدالوسیم کے تعینات ہونے کا قوی امکان ہے۔ وہ تین بار رکن اسمبلی بھی رہے ہیں۔ انہیں خالد مقبول صدیقی کا قریبی دوست سمجھا جاتا ہے۔ افتخار قائم خانی کامران ٹیسوری کا قریبی دوست سمجھا جاتا ہے جبکہ سیف الرحمن وسیم اختر کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو 4 سے زائد قائمہ کمیٹی کی چیئرمین شپ دینے کیلئے رضامند ہو گئی۔ سندھ اسمبلی میں 10 سے زائد قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ خالی ہے۔ ایم کیو ایم چار سال بعد سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔ پی ٹی آئی کی وجہ سے ایم کیوا یم قائمہ کمیٹیوں کا حصہ نہیں بن سکی۔سندھ کی حکمران جماعت نے ایم کیو ایم کو ایک بار پھر قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ دینے کی آفر کردی۔ اس سے قبل ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اتحاد کے وقت بھی قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ لینے سے معذرت کی تھی۔ اس وقت مشترکہ اپوزیشن کی 14قائمہ کمیٹیاں خالی ہیں جن میں سے 6قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی ایم کیو ایم کو دی جاسکتی ہے۔ کمیٹی چیئرمین شپ کے ساتھ ایم کیو ایم ارکان کو سرکاری گاڑیاں اور فیول بھی ملے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اس پیشکش کا فوری جواب دینے کے بجائے پارٹی لیڈر شپ سے مشاورت اور اجازت کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کا کہا گیا ہے۔