مائیکل کلارک نے ڈیوڈ وارنر کو کینگروز کا کپتان بنانے کی مخالفت کر دی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے ڈیوڈ وارنر کو کینگروز ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کی مخالفت کی ہے،2018میں پیپر گیٹ سکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد ڈیوڈ وارنر کے لیے آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے دروازے بند ہو گئے تھے تاہم بہت سے لوگ کئی ماہ سے وارنر پر عائد پابندی ختم کرنے کے حوالے سے آواز اٹھا رہے ہیں،حال ہی میں کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اپنے قوانین میں تبدیلی کی ہے جس کے مطابق کرکٹرز اپنے خلاف ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے اپیل دائر کرنے کے اہل ہوں گے،تاہم آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بلاشبہ ڈیوڈ وارنر ایک بہت ہی عمدہ کھلاڑی ہے اور میں نے اسے کرکٹ کھیلتے دیکھا ہے لیکن 36برس کی عمر میں جب وہ کیرئیر کے اختتام پر ہے اسے کپتانی دینا بالکل بھی ٹھیک فیصلہ نہیں ہو گا،مائیکل کلارک کا کہنا تھا میرا خیال ہے کہ انہوں نے وارنر کے حوالے سے فیصلہ کر لیا ہے لیکن اگر آپ وارنر کو کپتان بنانے کے لیے لڑ رہے ہیں تو یہ مارکیٹنگ فیصلہ ہو سکتا ہے،سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ وارنر بگ بیش لیگ کی کپتانی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا کہ انہیں بی بی ایل میں اپنی ٹیم کی کپتانی کرنی چاہیے، اس اسٹوری کو یہیں ختم ہو جانا چاہیے اور آسٹریلیا کو کسی نوجوان کھلاڑی کو کپتان بنانے کے بارے میں سوچنا چاہیے،مائیکل کلارک کا کہنا تھا کرکٹ آسٹریلیا کی منیجمنٹ کو کیمرون گرین جیسے کھلاڑیوں کو ذمہ داری دیکر آگے لانا چاہیے. اور کپتانی کے لیے کچھ نئے کھلاڑیوں کو ابھی سے تیار کرنا چاہیے، ٹیم میں کم از کم 6 یا 7کھلاڑی ایسے ہونے چاہئیں جو ضرورت پڑنے پر قیادت کر سکیں،سابق آسٹریلوی کپتان نے موجودہ ٹیم میں وائس کپتان کے حوالے سے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کسی کو یہ معلوم ہی نہیں کہ ابھی آسٹریلیا کا وائس کپتان کون ہے۔