انٹریونیوزسٹیز ویمنز رائفل شوٹنگ چیمپئن شپ لاہور گیریژن کے نام
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)نویں آل پاکستان یونیورسٹی ویمنز رائفل شوٹنگ چیمپئن شپ لاہور گیریژن یونیورسٹی نے جیت لی،پنجاب یونیورسٹی دوسرے اور کراچی یونیورسٹی کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام نویں آل پاکستان ویمنز انٹر یونیورسٹی رائفل شوٹنگ چیمپئن شپ پی این ایس بہادر کارساز کی شوٹنگ رینج میں منعقدکی گئی جس میں ملک بھر کی16یونیورسٹیز نے شرکت کی تھی۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے ٹرافیز اور انعامات تقسیم کئے ۔اس موقع پر سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین،رئیر ایڈمرل (ر) سیدسرفراز حسین،وائس ایڈمرل (ر)شاہ سہیل مسعود(ستارہ امتیاز ملٹری)،سہیل بشیر صدرانسٹی ٹیوٹ آف انجیئرنگ پاکستان،رجسٹرار سر سید یونیورسٹی کموڈور سید سرفراز علی،ڈاکٹر باسط انصاری،کنوئینر اسپورٹس قاضی نصر،آرگنائزنگ سیکریٹری انٹر نیشنل مبشر مختار،ڈائرکٹر اسپورٹس این ای ڈی فرخندہ فصیح،ڈائرکٹر اسپورٹس ہمدردیونیورسٹی شامیر خٹک، کے علاوہ مہمانان گرامی اورمیڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ اس طرز کے ایونٹس سے طالبات میں مزید خود اعتمادی آتی ہے اور انہیں زندگی میں مشکلات کا مقابلہ کرنے کا درس ملتا ہے،سر سید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین کا کہنا تھا کہ سر سید یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے یہی وجہ ہے کہ سر سید یونیورسٹی کھیلوں کی دنیا میں بھی معروف ہے،رجسٹرار سر سید یونیورسٹی کموڈور سید سرفراز علی نے ٹیموں کی بھر پور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ لاہور گیریژن یونیورسٹی کی ٹیم نے 10 میٹرز ائیر پسٹل کے ٹیم ایونٹ اور انفرادی ایونٹ میں گولڈ میڈل کے علاوہ 10 میٹرز ائیر پسٹل کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا،مجموعی طور 101 پوائنٹس حاصل کئے اور فاتح قرار پائی۔پنجاب یونیورسٹی 67 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی یونیورسٹی 52 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔جن جامعات نے میگا ایونٹ میں شرکت کی ان میں کراچی یونیورسٹی، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، لاہور گیریژن یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف پنجاب، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، یو ایم ٹی لاہور، سپیریئر یونیورسٹی لاہور، بی زیڈیو ملتان، میزبان سرسید یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، ایس ایس بی دیوان یونیورسٹی کراچی، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز، کراچی، اقراء یونیورسٹی کراچی اور بحریہ یونیورسٹی کراچی شامل ہیں۔