• news

اصلاحات ضروری، الیکشن میں تاخیر کی باتیں قوم کو منظور نہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی انتخابات میں تاخیر کی باتیں قوم کو منظور نہیں، الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ سیاسی جماعتیں سویلین بالادستی، الیکشن ریفارمز اور اسٹیبلشمنٹ کے سیاست سے دور رہنے کے اعلان کی روشنی میں میکنزم کی تیاری کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں۔ تین نکاتی ایجنڈے پر نئے سماجی معاہدہ سے سیاسی عدم استحکام ختم ہو گا، بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ انتخابات متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہونے چاہییں۔ معیشت کی بہتری کے لیے سود اور کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ حکمران جماعتیں ملک میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں، سٹیٹس کو چاہتی ہیں، اسی میں ان کا فائدہ ہے۔ عدالتیں اور نیب لوٹ مار کرنے والوں کو نہیں پوچھتیں تو عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کا احتساب کرے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ حکمران جماعتوں کے پیش نظر دولت اور جائیدادیں بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عام انتخابات اور تنظیمی امور زیربحث آئے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن، قرض اور سود فری بنانا چاہتی ہے، موجودہ وزیرخزانہ کو لندن سے بلایا گیا، بلند وبانگ دعوے ہوئے مگر حالات پہلے سے بھی بدتر ہو گئے۔ ملک پر ساڑھے باسٹھ ہزار ارب سے زائد کا قرضہ ہے، حکمرانوں نے معیشت تباہ کی اور نظریہ پاکستان کے خلاف سازشیں رچائیں۔ عوام حکمران جماعتوں کے مزید فریب میں نہ آئیں، اگر ملک کو بچانا ہے تو جماعت اسلامی کو لانا ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن